ایچ ای سی میں مستقل چیئرمین کی تقرری سے قبل ہی پرموشن بورڈ کا اجلاس طلب
اسلام آباد (نامہ نگار) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) میں مستقل چیئرمین کی تقرری سے قبل ہی پروموشن بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایکٹنگ ڈائریکٹر جنرلز (ڈی جیز)، ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اگلے گریڈ میں ترقی دی جانی ہے تاہم مستقل چیئرمین کی عدم موجودگی میں ملازمین کو پروموشن دینے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جسکے تحت کسی ادارے کا عارضی سربراہ صرف ادارے کے روز مرہ امور سر انجام دے سکتا ہے وہ اہم پالیسی سازی کے فیصلے نہیں کر سکتا، سپریم کورٹ نے نگران وزیر اعظم کے دور میں کی گئی تقرریوں اور تبادلوں کو کالعدم قرار دیدیا تھا، ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایچ ای سی کمشن کا اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا جسے انتظامیہ کو ملتوی کرنا پڑا۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے رابطہ کرنے پر ترجمان ایچ ای سی نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم پرموشن بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہوگا، عارضی چیئرمین کو مکمل اختیار حاصل ہے اور وہ اہم فیصلے کر سکتا ہے۔