• news

قومی امور پر عمران اور خورشید شاہ سے مشاورت کیلئے تیار ہوں: وزیراعظم

قومی امور پر عمران اور خورشید شاہ سے مشاورت کیلئے تیار ہوں: وزیراعظم

اسلام آباد (ثناء نیوز+ این این آئی) وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے قومی معاملات، طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ٹائم فریم، سیزفائر پر مشاورت کیلئے ان سے ملنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا اس مقصد کیلئے عمران خان کے گھر جانے کو تیار ہوں۔ انہوں نے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے متنازعہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ ایوان میں وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عمران خان اور سید خورشید شاہ کے نکتہ اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان مجھے براہ راست تجاویز دیں میرے ساتھ بیٹھیں میں عمران خان سے ملنے کو تیار ہوں۔ ان کے گھر جانے کو تیار ہوں۔ سید خورشید شاہ میرے ساتھ بیٹھیں۔ قائد حزب اختلاف سے بھی ملنے کو تیار ہوں، مذاکرات کا ٹائم فریم ہونا چاہئے۔ اس بارے میں قائد حزب اختلاف کا موقف درست ہے۔ طویل ٹائم فریم نہیں ہونا چاہئے۔ حکمت عملی کو سب کے جذبات و امنگوں کی ترجمانی کرنی چاہئے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے طالبان کے خلاف آپریشن سے متعلق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کا بیان انتہائی نامناسب ہے ایکشن لینگے۔ قائد اختلاف کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے خطاب میں مکمل یقین دہانی کرائی ہے میں ان کی حمایت پر شکر گزار ہوں، عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں میں مذاکرات کے حوالے سے ان کی تجاویز کو سراہتا ہوں ہم بھی چاہتے ہیں کہ اوپن مذاکرات ہونے چاہئیں۔ عمران خان براہ راست مجھے بھی ایسی تجاویز دیں وہ میرے پاس آئیں مجھے اپنے گھر بلائیں تو شکرگزار ہونگا۔  مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر رہنما ایوان میں بیٹھے ہیں میں سید خورشید شاہ کی اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ مذاکرات کے حوالے سے ٹائم فریم ہونا چاہئے پہلے مذاکرات کا آغاز ہو جائے پھر ٹائم فریم کی بات بھی ہو جائیگی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اپوزیشن کے رہنمائوں سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی لائن میں کھڑے ہو گئے اور وزیراعظم سے نہ صرف ہاتھ ملایا بلکہ تصویر بھی بنوائی۔ فاروق ستار نے آگے بڑھ کر وزیراعظم سے ہاتھ ملایا اور پارٹی کی طرف سے موجودہ صورت حال پر اپنے مئوقف کی آگاہی کیلئے ایک خط بھی ان کے حوالے کیا۔ وزیراعظم نوازشریف ایوان میں آئے تو حکومتی ارکان نے بھرپور خیرمقدم کیا۔ اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو گئے۔ پیپلزپارٹی کی خواتین ارکان نے ویلکم، ویلکم کے نعرے لگائے۔ ڈیسک بجانے والوں میں شیخ رشید بھی شامل تھے۔وزیراعظم نوازشریف نے سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔

ای پیپر-دی نیشن