• news
  • image

غداری کیس : خصوصی عدالت نے مشرف کے وکلاء کی نظرثانی درخواست پر فیصلے تک سماعت روکنے کی استدعا مسترد کر دی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) خصوصی عدالت میں سابق صدر کیخلاف غداری کیس کی سماعت کے دوران مشرف کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ مشرف کا وکلاء پینل سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل میں مصروف ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ کیس کا فیصلہ ہونے تک خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت روک دے۔ اس پر عدالت نے قرار دیا سپریم کورٹ کی جانب سے سماعت روکنے سے متعلق کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا گیا، فاضل عدالت کیس کی سماعت جاری رکھے گی۔ جسٹس فیصل عرب نے وکیل صفائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکلائے صفائی کو ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی عدالت کو دینا ہو گی کیونکہ مقدمہ کے التواء اور عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دو الگ الگ معاملات ہیں۔ اس پر وکیل صفائی نے کہا میڈیکل کی رپورٹ فاضل عدالت میں جمع کروائی جا چکی ہے جس میں ملزم کی صحت سے متعلق تمام تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور استثنیٰ کی درخواست پہلے ہی عدالت کو دی جا چکی ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ اے ایف آئی سی کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ کو طلب کیا جائے تاکہ میں ان سے مشرف کی بیماری کی میڈیکل رپورٹ کے بارے میں اپنے اعتراضات کے بارے میں جرح کر سکوں جس پر عدالت نے سابق صدر کے وکیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس حوالے سے دلائل پیش کرنے کی ہدایت کی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن