• news

انتہا پسندی ‘ غربت جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے : شہباز شریف

انتہا پسندی ‘ غربت جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے تحت کم وسیلہ ہونہار طلباو طالبات کیلئے 59 ہزار وظائف جاری کئے جا چکے ہیں۔ تعلیمی فنڈ سے بلوچستان کے 1900 ہونہار طلبا وطالبات اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ بلوچستان کے علاوہ خیبر پی کے، سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اورفاٹا کے ہونہار طلباء و طالبات کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس سے قومی یکجہتی کا عمل مستحکم ہوا ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے۔ انتہاپسندی اور غربت جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے۔ ترقی یافتہ قوموں نے فروغ تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کے اہداف حاصل کئے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈکے تحت ہزاروں کم وسیلہ ہونہار طلباء و طالبات اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (پیف)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین اورپنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے تعلیم مکمل کرنیوالے 15 پیف سکالرز نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکو وسعت دینے کے حوالے سے بھی متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم عام کر کے وطن عزیز کو مسائل اور بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ اور ہونہار طلباء و طالبات کو تعلیمی فنڈ کے تحت تمام وظائف صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں۔ ایک بھی سکالر شپ میرٹ اور اہلیت سے ہٹ کر نہیں دیا گیا۔ پنجاب حکومت کے اس فلاحی اور انقلابی پروگرام کے باعث اب کوئی طالب علم وسائل کی عدم دستیابی کے سبب اعلی تعلیم سے محروم نہیں رہ سکتا۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں ہر سال 2 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اگلے پانچ برس کے دوران اسکا حجم 20 ارب روپے تک پہنچ جائیگا اور پاکستان کے طول و عرض سے لاکھوں کم وسیلہ ہونہار اپنا تعلیمی سفر مکمل کرکے ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کامستقبل انہیں سے وابستہ ہے لہذا نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے پیٹ کاٹ کر وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے مستقل دفتر کیلئے فوری طورپر قطعہ اراضی فراہم کیا جائے۔ قوم کے معماروں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی بڑی قومی خدمت ہے۔ اب ہمیں تعلیمی فنڈ کے دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔ اجلاس کے دوران پیف سکالرز نے وظائف کی فراہمی پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے علم دوست اقدامات کی بدولت ہمیں اپنی منزل ملی ہے۔ دریں اثنا شہبازشریف سے پاکستان میں چین کے سفیر سون وائی ڈونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اورمختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے گہرے اور لازوال رشتوںمیں منسلک ہیں اور چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے۔ ترقی کے مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پنجاب حکومت توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنیوالے چینی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کریگی۔ معیشت کی بحالی اور توانائی کے بحران کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چین کے سفیر سون وائی ڈونگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون وقت گزرنے کے ساتھ مزید فروغ پارہا ہے۔ چینی سفیر نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے معروف ٹی وی کمپیئر، ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر لیئق احمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن