سندھ میں کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اربوں روپے خرچ کر کے جشن منانے کا کوئی جواز نہیں: ممتاز بھٹو
کراچی (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ میںکروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، سندھ حکومت بتائے وہ کس مقصد کیلئے اربوں روپے کے اخراجات سے جشن منا رہی ہے ، اگر جشن کا اتنا ہی شوق ہے تو رقم غریبوں میں آٹا اور چاول تقسیم کرکے پورا کر لی جائے۔ بدھ کو اپنے بیان میں ممتاز بھٹو نے کہا کہ پورے سندھ میں اس وقت پسماندگی چھائی ہوئی ہے ۔ کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے کسی چھت کے بغیر اپنی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کراچی شہر میں بھی لاکھوں لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ملک میں جنگ اور خون ریزی کا ماحول ہے۔ کرپشن کا دور دورہ ہے۔ سندھ کے حکمران قوم کو بتائیں کہ کیا وہ جشن پر پیسہ اپنے غیر ملکی اکائونٹس سے نکال کر خرچ کریں گے یا پھر عوامی خزانے پر ڈاکہ مارا جائے گا۔ یہ رقم ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص فنڈز کو روک کر جشن پر خرچ کی جائیگی۔ اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکیں گے کیونکہ اس جشن سے پہلے تھرکول کے افتتاحی منصوبے کے بہانے بھی جشن منایا جائیگا۔ جہاں پر تمام مجرم اور مدعی ایک ساتھ ہوں گے۔