بلوچستان ہائیکورٹ نے شاہ زین کے قافلے کو مرحلہ وار ڈیرہ بگٹی جانے سے اجاز دیدی
کوئٹہ (نوائے وقت نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ نے شاہ زین بگٹی کوقافلے کے ہمراہ ڈیرہ بگٹی جانے کی اجازت دے دی ہے ۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ قافلے کے لوگوں کی تلاشی لے کر انہیں بگٹی میں داخل ہونے دیا جائے۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ شاہ زین بگٹی کو مہاجرین کے ہمراہ مرحلہ وار ڈیرہ بگٹی منتقل کیا جائے۔ صوبائی حکومت اور انتظامیہ روزانہ ایک، ایک سو افراد کی سکیننگ اور چیکنگ کا اہتمام کرے۔ ڈیرہ بگٹی میں آباد کاری کے دوران امن و امان برقرار رکھا جائے۔ مہاجرین کو غیر قانونی اور بغیر نمبر والی گاڑیاں لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ بگٹی مہاجرین کو منشیات اور ممنوع اشیا ڈیرہ بگٹی لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ درخواست گزار اور بگٹی مہاجرین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ صوبائی محکمہ داخلہ اور دیگر متعلقہ ادارے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کی معاونت کریں۔