ہنگو، چارسدہ میں بم دھماکے، ایک جاں بحق: نوشہرہ سے طالبان کمانڈر عبدالوہاب گرفتار
ہنگو+ چارسدہ+ نوشہرہ (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) ہنگو میں کوئلے کی کان اور بازار میں دھماکوں کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چارسدہ میں بھی بم دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اورکزئی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق علاقہ ڈولی میں کوئلے کی ایک کان میں مزدور کام کر رہے تھے کہ گیس جمع ہونے کی وجہ سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں لوئر اورکزئی ایجنسی میں انجانی بازار میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکہ خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔ ادھر شاہو خیل ہنگو میں سڑک کنارے نصب 3 بم ناکارہ بنا دئیے گئے۔ ناکارہ بنائے جانیوالے بم 20، 10 اور 5 کلو وزنی تھے۔ دریں اثناء نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے نائب امیر خالد حقانی کے بھائی عبدالوہاب کو گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بدھ کے روز نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، گرفتار شخص کالعدم تحریک طالبان کے نائب امیر خالد حقانی کا بھائی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شارق حقانی سکیورٹی فورسز پر حملوں میں مرکزی کردار ہے۔