آرم ریسلنگ میں 97 سالہ فیروز دین فاتح
لاہور (بی بی سی ڈاٹ کام) پنجاب میں بزرگ شہریوں کے کھیلوں کے دلچسپ مقابلے کے ساتھ پنجاب یوتھ فیسٹول تیسرے مرحلہ اختتام پذیر ہوا۔ لاہور میں بزرگ شہریوں کے درمیان ہونے والوں مقابلوں میں 97 سالہ فیروز دین نے مخالف کو پنجہ آزمائی یا آرم ریسلنگ میں ہرا کر ہرایک کی توجہ حاصل کی۔ ایک قابل توجہ مقابلہ ریس تھا، بزرگ شہری اپنے ناتواں جسم، کمزور ہوتے پٹھوں، جوڑوں لیکن جواں عزم کے ساتھ دوڑتے اور بعض تیز رفتار چلتے دکھائی دیے، چند ایک راستے میں ہی رک گئے لیکن ایک بڑی تعداد ہار جیت سے بے نیاز ہو کر اختتام تک پہنچی۔ یہ ریس 70 سالہ بابا اشرف نے جیتی جبکہ دلدار حسین دوسرے نمبر پر رہے۔ بزرگ شہریوں کے مقابلوں میں اولڈ پیپلز ہومز کے مکینوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے ورثا مختلف وجوہات کی بنا پر انھیں گھر پر نہیں رکھ سکتے اور وہ اپنی باقی زندگی اولڈ پیپلز ہومز میں گزارتے ہیں۔ ایک مقابلہ بزرگ خواتین کے درمیان بھی ہوا جس میں اولڈ پیپلز ہوم میں رہنے والی ہر عمر کی عورت نے حصہ لیا۔ اس مقابلے کی فاتح 97 سالہ صغراں نسیم تھیں۔ بزرگ شہریوں نے لوڈو اور شطرنج بھی کھیلی۔ شطرنج اور لوڈو کی بساط پر کانٹے دار مقابلے دیکھنے کوملے۔ 75 سالہ جاوید اور ان کیساتھی فضل نے کیرم ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ جیتا تو اسلم اور ظہیر نے لوڈو کے میچ میں فتح حاصل کی۔