• news

مظفر گڑھ: پنچایت کے حکم پر 40 سالہ بیوہ سے اجتماعی زیادتی

دائرہ دین پناہ (نامہ نگار) مظفر گڑھ کے علاقے دائرہ دین پناہ میں پنچایت کے حکم پر چالیس سالہ بیوہ سے اجتماعی زیادتی کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اجمل عرف اجی چنڑ کا رحیم بخش چنڑ کے گھر رشتہ داری کے باعث آنا جانا تھا اس نے رحیم بخش کی بیس سالہ شادی شدہ بیٹی ’’ر‘‘ سے تعلقات استوار کر لئے۔ اجی چنڑ دو روز قبل رحیم بخش کے گھر دن دیہاڑے پہنچ گیا جسے رحیم بخش اور اس کے بیٹوں، بھائیوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پنچایت بلالی۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ پنچایت میں چالیس افراد نے شرکت کی اور ثالث محمد نواز چنڑ کو مقرر کر دیا جس نے فیصلہ کیا کہ عزت کے بدلہ میں عزت دی جائے اس دوران رحیم بخش چنڑ اس کے بیٹے یاسین‘ محمد امین‘ بھائیوں فیض اور کریم بخش نے اپنی عزت کا بدلہ لینے کے لئے اجی چنڑ کی 40 سالہ بیوہ بہن (ف) کو زبردستی اٹھا کر گھر سے لے آئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ خاندان بالخصوص اجمل عرف اجی چنڑ اسکی متاثرہ بہن ف کو منہ کھولنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف صحافیوں کی طرف سے پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ سے رابطہ کرنے پر پولیس نے مکمل طور پر لاعلمی کا اظہار کیا۔
نارنگ منڈی+ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) نارنگ منڈی میں خاتون، فیصل آباد میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نارنگ منڈی کے گائوں ہر دو سیہول کے تین اوباش افراد نے اپنے ہی گائوں کی 28 سالہ خاتون کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور بیہوشی کی حالت میں کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ خاتون رات گئے پیدل چلتی ہوئی گائوں پہنچی۔ نارنگ منڈی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم فیاض مسیح کو گرفتار کر لیا ہے۔ شبانہ بی بی کا خاوند منذر بٹ دبئی میں محنت مزدوری کرتا ہے۔ گذشتہ رات آٹھ بجے مریدکے سے اپنے حقیقی بھائی کو ملنے کے بعد گھر آ رہی تھی۔ مسافر بس سے پنڈوری پل اتری تو ملزم مبشر بھی مسافر بسے اترا۔ ملزم تنویر موٹر سائیکل لیکر آیا تو دونوں ملزمان نے خاتون کو حیلے بہانے سے موٹر سائیکل پر بٹھایا اور پھر آہدیاں روڈ پر نہر کنارے لے گئے اور بہانہ بنایا کہ موٹر سائیکل میں تیل ختم ہوگیا ہے، تیل ڈلوا کر آتا ہوں ایک ملزم موٹر سائیکل لیکر چلا گیا اور کلر سے موزر لوڈ شدہ لایا اور تیسرے ملزم فیاض مسیح کو بھی ساتھ لے آیا۔ بعدازاں خاتون کو زبردستی رات کھیتوں میں لے جاکر زیادتی کرتے رہے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں لڑکی کو گھر گھس کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ ماموں کانجن چک نمبر505گ۔ب کے برکت علی کی جواں سالہ بیٹی(م) اکیلی گھریلو کام کاج میں مصروف تھیکہ ملزمان خالد وغیرہ چار افراد زبردستی گھر میں داخل ہوگئے اور اسلحہ کے زور پر اسے دبوچ لیا اور مبینہ طور پر باری باری زیادتی کا نشانہ بنا کر موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن