معذور افراد کو بحال کرکے قومی دھارے میں شامل کرنے کی بھرپور کوششیں کی جائیں: صدر
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے حکومتی اداروں کو معذور افراد کو بحال کرکے انہیں زندگی کے دھارے میں شامل کرنے کی بھرپور کوششیں کرنی چاہئیں۔ صدر گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت کی مشیر برائے بحالی معذور افراد ڈاکٹر مریم ملک سے بات چیت کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مریم ملک نے صدر سے گزشتہ روز ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ معذور افراد کو قومی دھارے میں شامل کرکے ان کی خدمات سے استفادہ کرنے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر مریم ملک نے صدر کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جسمانی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔