قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کو ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر احتجاج
اسلام آباد (ثناء نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کو قواعد کے تحت رواں ماہ میں اگلے مالی سال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر احتجاج پر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس حوالے سے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کو فوکل پرسن مقرر کرنے کے بارے میں کہہ دیا گیا ہے۔ اس معاملے پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ارکان نے ایوان میں احتجاج کیا تھا خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت جنوری کے اواخر تک تمام وزارتوں کو اپنے نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے لئے تجاویز کو وزارت خزانہ کو بھجوانے سے قبل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں سے توثیق کروانے کا پابند بنایا گیا ہے۔ 31 جنوری تک نئے مالی سال کے مجوزہ پی ایس ڈی پی سے قائمہ کمیٹیوں کو آگاہ کرنا ضروری ہے، حکومت کی جانب سے قواعد کی پاسداری نہ کرنے پر سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر، تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی اور ایم کیو ایم کے عبدالرشید کوڈیل نے وزیر خزانہ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی تھی۔ نکتہ اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے سنیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اس بارے میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے فوری طور پر فوکل پرسن مقرر کرنے پر بات ہوئی ہے تاکہ کمیٹیوں کو منصوبوں کی تفصیلات فراہم ہو سکیں۔ سپیکر نے وزیر مملکت شیخ آفتاب کو ہدایت کی کہ ابھی تک جن کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب مکمل نہیں ہوا، اسے فوری طور پر مکمل کیا جائے۔