تھر کول منصوبہ سے عوام کیلئے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا: وزیراعظم
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تھرکول منصوبہ سے ملک کے لئے تحفظ توانائی اور پاکستان کے عوام کیلئے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ نجی شعبے کی حکومت کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبہ کے اعتماد کی مظہر ہے۔ وہ وزیراعظم ہائوس میں تھرکول منصوبے کے بارے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، سندھ کے وزیر برائے بہبود آبادی سید علی مردان شاہ، سندھ کی صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں روبینہ سعادت قائم خانی، صوبائی وزیر زکوۃ و عشر دوست محمد رحیمون، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خزانہ و توانائی مراد علی شاہ اور وفاقی اور سندھ حکومت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہ منصوبہ حکومت سندھ اور اینگرو کارپوریشن کے درمیان سرکاری و نجی شراکت داری منصوبہ کے طور پر چلایا جا رہا ہے۔ نجی شعبے کی حکومت کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبہ کے اعتماد کی مظہر ہے۔ حکومت تھر کول کی ترقی کو فلیگ شپ منصوبے کے طور پر دیکھتی ہے اور اسے ملک کے لئے تحفظ توانائی کا ذریعہ تصور کرتی ہے۔ حکومت تھر مائننگ اینڈ پاور پراجیکٹ کو کامیاب بنانے میں سندھ کی حکومت اور اس کے شراکت داروں کی کوششوں کو سراہتی ہے۔ قبل ازیں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان کے کوئلے کے وسیلے کا تخمینہ 186 ارب ٹن لگایا گیا ہے جس میں سے 175 ارب ٹن صرف تھر میں ہیں جو دنیا میں سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پہلے مرحلے میں (2017 تک) تھر میں 6.5 ملین ٹن کی سالانہ پیداواری گنجائش کے ساتھ کول مائن کو ترقی دینا اور 660 میگاواٹ پاور پلانٹ کی تعمیر ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 2019ء تک 660 میگاواٹ کا ایک اور پاور پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت بشمول کان کنی و بجلی کی پیداوار 1.6 ارب ڈالر ہے اور یہ ساڑھے تین سال میں مکمل ہو گا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ بجلی کی قیمت وقت گزرنے کے ساتھ کم ہو گی۔ تھر کو 12 بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سے چار بلاک مختلف سرمایہ کاروں کو سونپے گئے ہیں، سندھ کی حکومت اور اینگرو بلاک II میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو 3960 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کراچی کو جرائم سے پاک کر کے ہی دم لینگے۔ وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں جرائم کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کو کراچی میں جاری آپریشن پر بریفنگ دی،سید قائم علی شاہ نے بتایا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی کر رہے ہیں، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، آپریشن کامیاب ہو گا۔