شیخوپورہ : چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، نوزائیدہ بچہ جاں بحق
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی )سرگودھا روڈ کی آبادی غازی مینارہ کے محنت کش افتخار احمد کا نوزائیدہ بچہ شیخوپورہ کے سرکاری چلڈرن ہسپتال میں پیرا میڈیکل سٹاف اور بعض ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کی بناء پر ہلاک ہوگیا۔ افتخار احمد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 5روز قبل ہمارے خاندان میں بیس برس بعد نرینہ اولاد ہوئی تھی میرے بچہ کو پیدائش کے بعد معمولی یرقان ہوا جس پر میں اسے چلڈرن ہسپتال لے گیا جہاں پیرا میڈیکل سٹاف نے ضرورت سے زیادہ شعائیں دے دیں جس سے اس کی ناک سے خون بہنا شروع ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دم توڑ گیا جس کا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نوٹس لینا چاہئے۔ دریں اثنا چلڈرن ہسپتال کے ذرائع نے کہا بچہ کی موت میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی غفلت کا کوئی دخل نہ ہے۔