گرمیوں میں لیسکو کی ڈیمانڈ 55 سو میگاواٹ ہو جائے گی‘ چیف ایگزیکٹو ارشد رفیق
لاہور (ندیم بسرا) رواں برس گرمیوں میں لیسکو کی بجلی کی ڈیمانڈ 55 سو میگاواٹ تک ہو جائے گی گرمیوں سے قبل لاہور کے تمام گرڈ سٹیشن پر بڑے پاور ٹرانسفارمرز نصب کر دیئے جائیں گے جس سے لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ کے صارفین بجلی کی ٹرپنگ سے جان چھوٹ جائے گی۔ لیسکو کے گزشتہ 6 ماہ میں لائن لاسز میں عشاریہ سات فیصد کمی واقع ہوئی جب کہ مجموعی طور پر ریکوری 96 فیصد رہی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو میں سانگلہ ہل گرڈ سٹیشن 66 کے وی اے سے اپ گریڈ کرکے 132 کے وی اے کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ جوہر ٹائون لاہور گرڈ میں پاور ٹرانسفارمر لگا دیا گیا ہے کوٹ لکھپت گرڈ سٹیشن کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی بجٹ 2 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت گرڈ سٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ہیوی کمپلیکس فیکٹری سے مزید 14 پاور ٹرانسفارمرز 40 ایم وی اے لگوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انرجی سکیم کے تحت اب تک 42 لاکھ انرجی سیورز سے صرف ایک لاکھ انرجی سیورز تقسیم کئے جا چکے ہیں ہمیں صارفین کی طرف سے انرجی سپورز کے بدلے بلب نہیں مل رہے ہیں جس کی وجہ سے اس کی تقسیم انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 60 ہزار نئے میٹر لگائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا بڑی لائنوں کی مینٹی ننس کا کام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوڈ مینجمنٹ میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا استعمال صرف ضرورت کے وقت کریں۔