• news

پنجاب میں کوئی نو گو ایریا نہیں‘ عمران بچگانہ سیاست کرتے ہیں: رانا ثناء

لاہور(نیوز ایجنسیاں) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نو گو ایریا نہیں اور صوبہ کی تمام جیلیں سکیورٹی کے لحاظ سے مکمل طور پر محفوظ ہیں‘امید ہے طالبان سے مذاکرات کے عمل سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائیگا۔ عمران خان کو مزید سیاست سیکھنا ہو گی میری تردید کے باوجود عمران خان نے قومی اسمبلی میں مجھ پر تنقید کی‘ وزیراعظم نے ساری صورتحال واضح کر دی ہے اب مجھے کوئی صفائی اور وضاحت دینے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کیلئے جو کمیٹی بنائی ہے وہ انتہائی تجربہ کار اور مخلص لوگوں پر مبنی ہے اور یقیناً کمیٹی کے ذریعے مذاکرات کی کامیابی کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے خون خرابہ کے بغیر ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کیلئے آخری موقع دیا ہے اور مجھے امید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونگے صوبہ کے ایک ایک انچ پر پنجاب حکومت‘ آئین اور قانون کی رٹ موجود ہے۔ پنجاب میں جیلوں کی سکیورٹی فول پروف ہے اور جیلوں میں قید اہم دہشت گردوں کا فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا، پنجاب میں اگر ملزمان کہیں چھپے ہیں تو نشاندہی کی جائے انہیں بھی باہرنکال کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ریاست کے پاس آپشن موجود ہے۔ بلاول بھٹو کی سوچ بچگانہ ہے اسے اہمیت نہیں دینی چاہئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن