بلوچستان میں 2 بم دھماکے، ایک شخص جاں بحق، فائرنگ سے 3 افراد قتل
کوئٹہ، جعفر آباد (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) جعفر آباد میں بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 22 شدید زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اللہ یار کے جمالی بائی پاس کے قریب افغان ہوٹل کے باہر کئی گاڑیاں کھڑی تھیں جہاں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے ایک ٹویوٹا ڈاٹسن‘ آٹو رکشہ اور ایک پتھر بجری سے بھرا ٹرک بھی دھماکے کی زد میں آکر تباہ ہوگیا۔ ادھر ضلع قلات کی تحصیل منگچر کے قریب سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا جس میں ایف سی کے دو اہلکاروں سمیت گاڑی ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں چمن میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکن بخت محمد حمید زئی کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں بوہرو آباد کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں خضدار کے علاقے توتک سے اجتماعی قبروں سے ملنے والی لاشوں کے خلاف آج دوسرے روز بھی بی این ایف اور دیگر تنظیموں کی کال پر مکمل شٹرڈائون ہڑتال رہی شہر کی تمام مارکیٹیں دکانیں سرکاری اور نجی بینک بند رہے۔ تین روزہ شٹرڈائون ہڑتال کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی۔ نعشوں کے معائنے اور ڈی این اے ٹیسٹ لینے کیلئے حکومت کی جانب سے میڈیکل ٹیم خضدار پہنچ گئی۔ ٹیم کے سربراہ پولیس سرجن ڈاکٹر علی مردان نے لاشوں کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لئے تاہم لاشوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی۔