کراچی: اے این پی رہنما کے گھر کے باہر 3 دھماکے‘ 22 افراد زخمی‘ ٹارگٹ کلنگ‘ 6 مارے گئے
کراچی (این این آئی+ نوائے وقت نیوز)کراچی کے علاقے قصبہ کالونی محمد پورقبرستان کے قریب عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما محمد علی کے گھر کے باہر یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے، ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔کراچی کا علاقہ قصبہ کالونی دھماکوں کی آواز سے گونج اٹھا، جہاں اے این پی کے رہنما محمد علی کے گھر کے باہر یکے بعد دیگرے تین دھماکے کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق قصبہ کالونی میں پہلے دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے، علاقہ مکینوں کی جانب سے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد دوسرا دھماکہ ہوا جس میں 8 افراد زخمی ہوئے، دوسرے دھماکے کی آواز کی شدت پہلے دھماکے سے قدرے زیادہ تھی، دھماکے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیوں کے لئے جانیوالی ریسکیو کی گاڑیوں پر بھی نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے دو ایمبولینسز کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس اور رینجرز کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کئے، پولیس کے مطابق دو دھماکے کریکر تھے جبکہ تیسرا دھماکہ بال بم کے ذریعے کیا گیا جس میں اے این پی کے رہنما کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ادھر خواجہ اجمیر نگری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت اے ایس آئی منظور حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منگھو پیر کے علاقے پختون آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مولانا محمد اکبر جاں بحق ہو گئے۔ مولانا محمد اکبر امام بارگاہ کے متولی تھے۔ سپرہائی وے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ پٹیل پاڑہ میں مذہبی جماعت کے چھ کارکنان کو حراست میں لیا گیا۔ منگھو پیر روڈ پر ناردرن بائی پاس کے قریب مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کا کارکن مارا گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ادھر گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور محمد باقر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا کھوکھراپار پولیس سٹیشن میں مبینہ پولیس تشدد سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ سرچ آپریشن میں ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، تھانے پر حملے اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث ٹارگٹ کلر کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عدم ثبوت پر سیاسی جماعت کے2 ٹارگٹ کلرز کو بری کر دیا۔ عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث خرم مصطفی اور احمد شاہ کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کیا۔