آواران : ایف سی کی گاڑی بارودی سرنگ دھماکے میں تباہ ‘4 اہلکار جاں بحق ‘ 3 زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) آواران میں ایف سی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 4ایف سی اہلکار جاںبحق، تین شدید زخمی ہو گئے، ضلع آواران کے نواحی علاقے جھاﺅ سے فرنٹیر کور (ایف سی) کی گاڑیوں کا کانوائے گزر رہا تھا سڑک کنارے بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ایک گاڑی ٹکرا کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی، چار اہلکار شفیق الرحمن، خوشحال دین، خورشید اور رجب علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد نامعلوم افراد نے ایف سی کے قافلے پر بھاری اور جدید ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی گئی بعد ازاں ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں کچلاک کے علاقے سے پولیس نے ایک نامعلوم خاتون کی نعش قبضے میں لے لی۔ علاوہ ازیں کلی سردار ساتکزئی مچھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار اور مچھ کے مقامی رہائشی محمد یار نامی شخص کو قتل کر دیا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ مراد جمالی میں 24 انچ گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا جس کی وجہ سے بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔