اشرف محمود وتھرا قائم مقام گورنر سٹیٹ بنک مقرر
اسلام آباد(اے پی اے)حکومت نے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا کو قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک مقرر کر دیا ہے، اشرف محمود کو گورنر سٹیٹ بینک انور یاسین کے مستعفی ہو جانے کے بعد قائم مقام گورنر مقرر کیا گیا ہے، وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی سمری منظور کرلی۔ گورنر سٹیٹ بینک انور یاسین پر روپے کی قدر میں کمی اور بڑے پیمانے پر کرنسی ڈیلرز سے ملی بھگت کر کے کروڑوں ڈالر بیرون ملک بھجوانے سمیت سنگین بے قاعدگیوں کے الزامات ہیں۔ حکومت نے انور یاسین کا استعفیٰ منظور کر کے ڈپٹی گورنر اشرف محمود کو قائم مقام گورنر مقرر کر دیا۔ جمعہ کو اشرف محمود کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق سابق گورنر سٹیٹ بنک انور یاسین کے خلاف ان کے دور میں روپے کی قدر میں ہونے والی کمی اور ڈالر کی بڑے پیمانے پر سمگلنگ کی بھی مختلف اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہے۔