• news

آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کیلئے اسحاق ڈار آج دبئی جائیں گے

اسلام آباد (عترت جعفری) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ بات چیت اور آئی ایم ایف کے وفد کے ایک رکن کے اسلام آباد علامتی آمد کو یقینی بنانے کے مشن پر آج دبئی روانہ ہوں گے۔آئی ایم ایف کا مشن سکیورٹی وجوہات کے باعث پہلے ہی فنڈ پروگرام کے تحت جائزہ کے لئے اسلام آباد آنے سے انکار کرچکا ہے اور سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں وزارت خزانہ کے افسران دبئی جاچکے ہیں۔ جہاں ان کے آئی ایم ایف کے ارکان کے ساتھ ابتدائی نوعیت کی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے گزشتہ چند روز میں آئی ایم ایف کو اسلام آباد میں امن وسلامتی کی صورتحال بہتر ہونے کے بارے میں قائل کرنے کی کوشش کی تھی جس میں کامیابی نہیں ہوئی۔ سینیٹر اسحاق ڈار آج دبئی جائیں گے جہاں وہ 5روز تک مقیم رہیں گے۔ جہاں وہ دبئی کی رائل فیملی کے ارکان کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ دبئی میں موجود وفد کے سربراہ جیفرے فرینک کو آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ جیفرے فرینک کے انکار کی صورت میں جائزہ کی تمام کے تمام بات چیت دبئی میں ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن