حکومت سے امن معاہدہ برقرار ‘ شمالی وزیرستان کو میدان جنگ نہ بنائیں : شوریٰ مجاہدین
پشاور‘ اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان شوریٰ مجاہدین شمالی وزیرستان احمد اللہ احمدی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں حکومت کے ساتھ امن معاہدہ برقرار ہے۔ حکومت سمیت تمام قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ شمالی وزیرستان کو میدان جنگ نہ بنائیں۔ نامعلوم مقام سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان شوریٰ مجاہدین شمالی وزیرستان احمد اللہ احمدی نے کہا کہ ہم امن معاہدے پر کل بھی قائم تھے‘ آج بھی قائم ہیں۔ حکومت سمیت تمام لوگوں کو مطلع کرتے ہیں کہ شمالی وزیرستان کو میدان جنگ نہ بنائیں۔ واضح رہے گزشتہ چند روز سے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کی افواہوں کے بعد شمالی وزیرستان سے عوام کی نقل مکانی شروع ہو چکی تھی جس پر شوریٰ مجاہدین شمالی وزیرستان کے سربراہ گل بہادر نے شوریٰ مجاہدین کو امن معاہدہ پر قائم رہنے کا بیان جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔