تھرکول منصوبے کا مشترکہ سنگ بنیاد: قومی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے: ڈاکٹر نوازشریف ‘ وزیراعظم کی قیادت میں ملکی ترقی کے لئے کام کرنا ہو گا: زرداری
تھر پارکر (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر تھرکول منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ تھرکول منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب تھر پارکر میں ہوئی جس میں نواز شریف نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ساتھ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سنیٹر پرویز رشید، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ اور ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خوشی ہے آصف علی زرداری نے مجھے تھر آنے کی دعوت دی جس سے بہت اچھے منصوبے کے حوالے سے جاننے کا موقع ملا، تھرکول منصوبے کے افتتاح پر بہت خوشی ہوئی۔ عوامی خدمت میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا کردار دوسری جماعتوں کیلئے مشعل راہ ہونا چاہئے۔ لڑنے جھگڑنے کی سیاست ختم ہونی چاہئے، ملکی ترقی کے معاملے میں سب کو ایک ہونا چاہئے۔ سیاست اپنی جگہ مگر ملکی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، امن و امان کے لئے سب کو ایک جگہ کھڑا ہونا چاہئے۔ ملکی مسائل پر ہمیں دست و گریباں نہیں ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر نواز شریف نے کہا کہ انتخابات کے بعد ہر جماعت کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جاتا ہے، 2008ء میں ہم نے پی پی کا مینڈیٹ تسلیم کیا، اب پیپلزپارٹی نے ہمارا مینڈیٹ تسلیم کیا ہے۔ آج ہر پاکستانی خوش ہو گا کہ ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں، زرداری اور میرا کردار دوسروں کیلئے مشعل راہ ہونا چاہئے۔ پاکستان کی سیاست کا رخ تبدیل ہو رہا ہے، لڑنے کی سیاست ختم ہونی چاہئے، سیاست میں فرسودہ روایات ختم ہو رہی ہیں، پاکستان مستقبل کی طرف دیکھ رہا ہے۔ تھرکول حکومت سندھ کا نہیں یہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے، منصوبے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی، منصوبے میں سندھ حکومت کی معاونت کریں گے، ناانصافی کو ختم کریں گے اور دیگر صوبوں کو اپنا حصہ ملے گا۔ قومی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، ملکر کوششیں کرتے رہے تو 20سال کے کام 5 سال میں ہوں گے، جھمپیر کے علاقے میں ونڈ پاورکا منصوبہ 2017 ء میں پورا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کتنی اچھی بات ہے کہ ہم سب ایک صف میں بیٹھے ہیں، ہو سکتا ہے کہ ہمارا مل کر بیٹھنا کسی کو اچھا نہ لگے۔ سیاسی قیادت ایک ہی پلیٹ فارم پرکھڑی ہے، ہمارا مل کر بیٹھنا ملک کے کونے کونے میں ایک مثبت پیغام ہے۔ مخالفت کرنے والے دیکھیں، ہم اکیسویں صدی میں پہنچ گئے ہیں۔ گڈانی میں جتنے بھی منصوبے لگیں گے تھرکا کوئلہ استعمال ہوگا۔ میری الیکشن کے بعد آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی تو میں نے ان سے کہاکہ ہمیں اور آپ کو مینڈیٹ ملا ہے، مل کر کام کریں گے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑنا ماضی کی باتیں ہونی چاہئیں، آج ہم اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے آئے ہیں یہ منصوبہ کسی ایک شخصیت یا سندھ کا نہیں بلکہ پاکستان کا ہے جس سے عوام کی خوشحالی، بے روزگاری اور غربت ختم ہو گی۔ ملک میں بجلی کی کمی ہے، بہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے اگر ہم نے مل کر کام کیا تو بیس سال میں ہونے والے منصوبے پانچ سال میں مکمل ہوں گے، تربیلا ڈیم کی توسیع سے 2400 میگاواٹ بجلی مزید سسٹم میں شامل ہو گی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ تھرپاور پروجیکٹ تھر کے عوام کے لئے خوشحالی کا پیغام ہے یہاں کوئلہ موجود ہے یہاں انڈسٹریل اسٹیٹ بننا چاہئے، ہم بھی سندھ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے، دعا کرتا ہوں کہ یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے، تمام صوبوں کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے۔ یوتھ بزنس لون سکیم شروع کی تو اس میں ہر پاکستانی کو حصہ لینے کا موقع دیا، انصاف سے معاشرہ آگے بڑھتا ہے ہم اسی اصول پر چل کر پاکستان کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی قیادت سنجیدہ ہو چکی ہے، تھرکول جیسے بڑے منصوبے پر مل کر ہی کام کیا جا سکتا ہے، ملکی ترقی کے لئے ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنا ہو گی۔ ہمیں نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا۔ قومی اہمیت کے حامل منصوبوں میں سیاسی قیادت کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ بڑے منصوبے کوئی ایک جماعت آگے نہیں بڑھا سکتی، سب کو کام کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کی مدد کرنی ہو گی۔ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ تھرکول منصوبہ پاکستان کے لئے سونا ثابت ہو گا، یہ سونے کی کان کی حیثیت رکھتا ہے، منصوبہ وفاق اور سندھ حکومت کی مشترکہ کوششوں سے شروع ہوا جو ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اہم ہے۔ قبل ازیں تھرپارکر پہنچنے پر وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف کا سندھڑی ایئربیس پر سابق صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، قائم مقام گورنر آغا سراج درانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے استقبال کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف لاہور پہنچ گئے ہیں۔