• news

مشرف کیس، عدالتی فیصلوں کو تسلیم کیا جانا چاہئے: سیاسی رہنما

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق صدر و سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے بارے میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی رہنمائوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کو تسلیم کیا جانا چاہئے اور سب کو عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کا احترام سب پر واجب ہے اور عدالت جو فیصلے کرے گی حکومت ان کا احترام کرے گی۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پرویز مشرف کا مقدمہ آزاد عدلیہ کے سامنے ہے اور آئین شکنوں کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ ہمیں عدلیہ کی آزادی پر یقین ہے اور انہیں بھی یقین رکھنا چاہئے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر سلطان محمود خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے فیصلے آئین شکنوں کے لئے تازیانہ ثابت ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات  قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ خصوصی عدالت کا تفصیلی فیصلہ دیکھ کر تبصرہ کروں گا۔ سکھر سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے پر عمل کرنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ مشرف کو صحت دے، دیکھتے ہیں حکومت عدالتی فیصلے پر کس طرح عمل کراتی ہے۔ مذاکرات ناکام ہوئے تو نواز شریف کے لئے مشکلات ہوں گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن