• news

پرویز الٰہی، منظور وٹو سے شباب ملی کے وفد کی ملاقات، بلدیاتی الیکشن سے متعلق گفتگو

لاہور (خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم شباب ملی نے حکومتی جماعت کے امیدواروں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ پلیٹ فارم بنانے کے لئے شباب ملی کے جنرل سیکرٹری عابد میر اور احمد سلمان بلوچ کی قیادت میں وفد نے سابق نائب وزیراعظم اور ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویز الہٰی اور پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں بلدیاتی انتخابات کے مؤخر ہونے کا الزام حکومت کے سر دھر دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ حکومت جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروائے۔ وفد کا چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر استقبال مسلم لیگی رہنماؤں راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین نے کیا جبکہ پیپلزپارٹی پنجاب کے دفتر میں میاں منظور وٹو، دیوان غلام محی الدین و دیگر نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ مزید برآں چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے جلد از جلد انعقاد کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی وجہ سے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جا سکتا ہے، یہی ادارے عوام کے بنیادی مسائل کا بروقت حل بھی ہیں لیکن پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے میں مخلص نہیں، پنجاب میں 6 سال سے ن لیگ کی حکومت ہے مگر ابھی تک انہوں نے حلقہ بندیاں مکمل نہیں کیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن