اراضی پر قبضہ کے خلاف درخواست ہائیکورٹ نے ڈی سی او سرگودھا اسسٹنٹ کمشنر سے وضاحت طلب کر لی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مبینہ طور پر سرگودھا کے علاقہ میں ساڑھے 47کنال اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے اور زمین پر تعمیرات کرنے کے خلاف دائر درخواست پر ڈی سی او سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھلوال بھیرہ سے مکمل ریکارڈ اور وضاحت طلب کر لی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے روبرو محبوب رسول اور صفدر کسر ایڈووکیٹس کی وساطت سے عابد ضیاء نے درخواست دائر کی۔ دوران کیس کی سماعت درخواست گزار کے وکلاء نے عدالت کو بتایا درخواست گزار مذکورہ اراضی پر عرصہ سے قابض ہے وہاں پر محنت مشقت کرکے رقبہ پر بھرتی ڈالوائی جس پر کافی رقم خرچ ہوئی، زمین کو قابل کاشت بنایا۔ درخواست گزار نے پانچ سال سے خسرہ گرداوری حاصل کر کے عدالت کے روبرو پیش کی اراضی کے حوالے سے متعلقہ پٹواری سے لکھوایا۔ دوسرے فریق محمد یوسف نے بوگس الاٹمنٹ ظاہر کر کے رقبہ اپنے نام کروایا جو جعلی ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے وہ اس امر کا نوٹس لے فاضل عدالت نے درخواست پر متعلقہ ڈی سی او اور اسسٹنٹ کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس پر مزید کارروائی 7فروری تک کے لئے ملتوی کر دی ہے۔