اوگرا سکینڈل : پرسوں تک حتمی ریفرنس جمع کرانیکا حکم ‘ مزید سستی برداشت نہیں کی جائیگی : احتساب عدالت
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے نیب کو 82 ارب روپے سے زائد کے اوگرا کرپشن سکینڈل کا حتمی ریفرنس 4 فروری تک جمع کروانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے مرکزی ملزم توقیر صادق کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دئیے کہ کیس میں مزید سستی برداشت نہیں کی جائیگی اور نہ ہی نیب کا کوئی عذر سنیں گے۔ گذشتہ روز ملزم توقیر صادق، نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی ٹیم عدالت کے روبرو پیش ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر چودھری ریاض نے بتایا کہ رجسٹرار آفس نے ریفرنس پر اعتراضات عائد کئے ہیں دو روز میں اعتراضات دور کر کے ریفرنس جمع کروادیا جائیگا۔ ملزم توقیر صادق نے کہا کہ اتنا وقت گزر گیا لیکن ابھی تک ریفرنس دائر نہیں ہوا یہ میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، مجھے تاحال ریفرنس کی نقول بھی فراہم نہیں کی گئیں۔