غداری کیس : مشرف کے وارنٹ پولیس کو موصول ‘ رشید غازی مقدمہ ‘ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع
اسلام آباد (این این آئی+ نامہ نگار) غداری کیس میں سابق صدر مشرف کے وارنٹ گرفتاری پولیس کو موصول ہوگئے، ایس پی رورل کیپٹن الیاس کو تعمیلی افسر مقرر کر دیا گیا۔ مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ کیساتھ عدالتی فیصلہ بھی شامل ہے۔ آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس کا افسر راولپنڈی پولیس کے ہمراہ وارنٹ کی تعمیل کرائیگا۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن کو بھی مشرف کے وارنٹ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد کے مطابق آئندہ ہفتے کے آغاز پر ہی وارنٹ کی تعمیل کروا لی جائیگی۔ دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مشرف کیخلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت 8فروری تک ملتوی کر دی ہے۔ مشرف کی جانب سے میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کیس کی سماعت کرنا تھی تاہم فاضل جج کی رخصت کے باعث کیس کی سماعت نہ ہو سکی۔ ملزم کے وکیل نے سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروائی، آئندہ سماعت پر ملزم کی حاضری سے مستقل استثنیٰ پر بحث ہو گی۔