پشاور : امن لشکر پر حملہ‘4 رضاکار جاں بحق ‘ صوابی میں جھڑپ ‘ سکول میں پناہ لینے والے 4 شدت پسند مارے گئے
پشاور+ صوابی (نوائے وقت رپورٹ+ ثنا نیوز) پشاور میں شدت پسندوں کے حملے میں امن لشکر کے 4 رضاکار جاں بحق جبکہ صوابی میں پولیس سے جھڑپ میں 4 شدت پسند مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں گزشتہ روز شدت پسندوں نے امن لشکر پر حملہ کردیا جس میں امن لشکر کے چار رضاکار جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شدت پسندوں اور امن رضاکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہا۔ دریں اثناء صوابی کے علاقے خان پور پہاڑ کے دامن میں پولیس اور شدت پسندوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار شدت پسند جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں نے گائوں شگولئی کلے کے ایک پرائمری سکول میں پناہ لے رکھی تھی، فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس نے مرنیوالوں کے قبضے سے 41 ڈائنامائٹ بارود، 2 بنڈل پرائما کارڈ، تین نائن ایم ایم پستول اور ایک تیس بور پستول برآمد کرلیا اور نعشیں قبضے میں لیکر شناخت کیلئے تھانہ کالو خان منتقل کردیں۔ ادھر نوشہرہ کے علاقے اذاخیل میں پولیس وین پر نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا جس سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں ایف سی کی موبائل کے قریب دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب تھا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں دیر بالا کے علاقے شہرات کل میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران خودکش جیکٹیں، 3 راکٹ لانچر، 7راکٹ اور آدھا کلو بارود برآمد کر لیا۔