ایف آئی ایچ کا مینز اینڈ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان
ہیگ (اے پی پی) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے رواں برس شیڈول ایف آئی ایچ مینز اینڈ ویمنز ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ دونوں ایونٹس ایک ساتھ 31 مئی سے شروع ہوں گے، ویمنز ایونٹ 14 جبکہ مینز ایونٹ 15 جون کو اختتام پذیر ہو گا۔ یہ ہاکی کی تاریخ کا دوسرا موقع ہو گا کہ دونوں مینز اینڈ ویمنز ایونٹس ایک وقت پر ایک مقام پر منعقد ہوں گے۔ ایف آئی ایچ نے مینز اینڈ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان کیا۔ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستانی ٹیم 43 سالہ ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ میں حصہ نہیں لے گی۔ میگا ایونٹ میں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے دنیا بھر سے 12 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، بیلجیئم، بھارت، سپین اور ملائیشیا کو گروپ اے میں جبکہ جرمنی، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، کوریا، ارجنٹائن اور جنوبی افریقہ کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 76 میچز کھیلے جائیں گے، ہر روز چھ میچوں کے فیصلے ہوں گے۔ مینز ایونٹ کے سیمی فائنلز 13 جون کو شیڈول ہیں جبکہ چیمپئن کا فیصلہ 15 جون کو فائنل میں ہو گا، ویمنز ایونٹ کا فائنل 14 جون کو شیڈول ہے۔