چیئرمین پی سی بی کا آئی سی سی بگ تھری کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف کو خط
لاہور+اسلام آباد( این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف نے آئی سی سی بگ تھری کے معاملے پر پیٹرن چیف وزیراعظم نواز شریف کو خط ارسال کر دیا ، صورتحال سے مکمل آگاہی دینے اور مشاورت کیلئے ملاقات کا وقت بھی مانگ لیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین ذکاءاشرف نے اپنی بحالی کے بعد پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے دوسری بار رابطہ کیا ہے ۔ پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف کو ارسال کئے گئے خط میں انہیں دبئی میں آئی سی سی کے ہونےوالے اجلاس اور بگ تھری کے معاملے پر آگاہ کیا گیا ہے جبکہ کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پیٹرن چیف سے مشاورت درکار ہے اس لئے ملاقات کےلئے وقت دیا جائے ۔ یاد رہے کہ ذکاءاشرف اس سے قبل اپنی بحالی کے فوری بعد بھی پیٹرن چیف سے ملاقات کے لئے خط لکھ کر وقت مانگ چکے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کو پی سی بی کا پیٹرن انچیف مقرر کرنے کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ قانونی مشیر بین الصوبائی رابطہ عرفان اللہ نے کہا کہ وزیراعظم آرٹیکل 41 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کر سکتے ہیں۔