• news

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات، احتجاجی خط پیش کیا

کراچی (خصوصی رپورٹر) برطانوی ڈپٹی  ہائی  کمشنر  جان  لک سے  ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سات رکنی  وفد کی ملاقات۔ وفد نے ڈپٹی   ہائی کمشر کو  برطانوی  وزیراعظم   ڈیوڈ کیمرون  کے نام خط کی شکل میں احتجاجی یادداشت  پیش کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بیرسٹر فروغ نسیم، ڈاکٹر فاروق ستار، سنیٹر نسرین جلیل، خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری  سمیت 7 رکنی وفد نے کراچی میں برطانوی قونصل خانے میں ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات کرکے برطانوی وزیر اعظم کے نام ایک احتجاجی خط کی شکل میں یادداشت پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے ایم کیو ایم آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے لیکن برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بارے میں جو بے بنیاد باتیں پھیلائی جارہی ہیں، وہ زرد صحافت کے زمرے میں آتی ہیں۔ بی بی سی کی جانب سے جو رپورٹ دکھائی جارہی ہے اس سے کراچی سمیت ملک بھر کے حق پرست عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اسلئے اس میڈیا ٹرائل کو روکا جائے اور اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے۔  پشاور، آزادکشمیر اور اسلام آباد میں  الطاف سے یکجہتی کے لئے متحدہ کے کارکنوں کے مظاہرے کئے گئے۔  متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ  کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے برطانوی نشریاتی ادارہ جھوٹی رپورٹیں کرکے عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہ کرے، ملکی میڈیا عالمی سازش کاحصہ نہ بنتے ہوئے الطاف حسین کیخلاف جاری پروپیگنڈے کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔  ہفتہ کونیشنل پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے رہنمائوں کی جانب سے ہونیوالے مظاہرے کی قیادت متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن میاں عتیق الرحمن کر رہے تھے۔ میاںعتیق الرحمن نے کہا برطانوی نشریاتی ادارہ الطاف حسین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے  جبکہ دنیا بھر میں من گھڑت خبریں پھیلا کر الطاف حسین کیخلاف سازش کی جا رہی ہے۔ آج الطاف سے یکجہتی کیلئے  کراچی میں جلسہ ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن