لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کیخلاف متفرق درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف متفرق درخواست دائر کردی گئی۔ محمد اظہر صدیق ایدووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 31 مئی 2011 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کر دیں اور تیل کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار اوگر ا سے لے لیا گیا مگر اوگرا سے کہا گیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق قیمتوں کے مطابق رپورٹ دے۔ موجودہ حکومت جب سے آئی ہے انہوں نے تقریباً 15 روپے کے قریب پیٹرولیم پروڈکٹس کی قیمتیں بڑھا دی ہیں جبکہ پوری دنیا میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ یہ عوام کیساتھ فراڈ ہے بنیادی حقوق 9, 14, 18, 25 کیخلاف ورزی ہے اور آئین کے آرٹیکل 3 کے تحت عوام کا استحصال ہے۔ متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بنیادی حقوق کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے تیل کی قیمتیں جنوری کے مہینے کے مطابق مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے اور پیٹرولیم پروڈکٹس کی قیمتیں اوگرا کی سمری کے مطابق مقرر کی جائیں۔