• news

کالج دور میں شرمیلا تھا، کرکٹ ٹیم منیجر نے ’’دھوئی ہوئی مولی‘‘ کا خطاب دیا: عمران

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کرکٹ کے دور میں اپنے لئے ’’دھوئی ہوئی مولی‘‘ کا لقب ملنے کا انکشاف کیا ہے۔ ہفتہ کی رات ٹی وی انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ میں سکول اور کالج کے دور میں انتہائی شرمیلا تھا اور مجھے گرلز کالج کے سامنے سے گزرتے ہوئے بھی شرم آتی تھی۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے جُگتوں کی سمجھ نہیں آتی لیکن جب ہم کرکٹ میں تھے تو اس وقت ہمارے منیجر صدیق خان نے مجھے ’’دھوئی ہوئی مولی‘‘ کا لقب دیا جس پر میرے سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑی کافی دیر تک قہقہے لگاتے رہے۔ شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کے حوالے سے عمران خان نے بتایا کہ پہلے ڈیڑھ سال میں ایک کروڑ روپیہ اکٹھا ہوا اور اب حال یہ ہے کہ افطاریوں میں ایک گھنٹے میں 8 سے 9 کروڑ روپے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا میں بچوں کا خلا محسوس کرتا ہوں سب سے زیادہ عید پر انکی کمی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں سکول سائیکل پر جاتا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ ایمان ہمارے لئے سب سے بڑا تحفہ ہے۔ مجھے مہنگے لباس اور گاڑیوں کا شوق نہیں۔ انہوں نے کہا جو ٹیلنٹ کرکٹ کا پاکستان میں ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں۔ خیبر پی کے سے ایسی ٹیم نکالیں گے جو پاکستان کو جتائے گی۔ خیبر پی کے میں ٹیلنٹ ہنٹ کرنے لگا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن