کراچی: خونریزی جاری‘ سب انسپکٹر‘ چھیپا ایمبولینس کے ڈرائیور سمیت 8 جاں بحق
کراچی (این این آئی)کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سب انسپکٹر، چھیپا ایمبولینس کے ڈرائیور سمیت 8 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے رئیس امروہی کالونی میں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر کھڑے سب انسپکٹر نیاز کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ وہ سپیشل برانچ میں تعینات تھا۔ محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں فائرنگ سے نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔ ادھر لیاری کے علاقے بغدادی اور کلاکوٹ میں دو گروہوں میں فائرنگ اور آوان راکٹوں سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران مسلح افراد نے چاکیواڑہ میں چھیپا سنٹر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چھیپا ایمبولینس کا ڈرائیور 40 سالہ لال محمد بلوچ جاں بحق ہوگیا۔ لال محمد بلوچ فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کو اٹھانے کیلئے وہاں آیا تھا مگر خود نشانہ بن گیا۔ اسی دوران راکٹ حملے میں بغدادی میں 30 سالہ نسیمہ جاں بحق ہوگئی۔ فائرنگ کی زد میں آکر کمیلا سٹاپ پر سلیم، سلمان، عباس اور 15 سالہ پپو زخمی ہوگئے۔ واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری کے مختلف علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ادھر نیو کراچی سیکٹر 11-J کے قریب مسلح افراد نے دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 45 سالہ محمد سلیم ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے سعید آباد تھانہ کی حدود میں کارروائی کرکے 5 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرشاہد حسین عرف شعیب کو گرفتار کر لیا۔ میمن گوٹھ گڈاپ سٹی پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان محمد امین خاصخیلی، طاہر علی خاصخیلی اور الطاف حسین میر کو غفور بستی سے گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں سی آئی ڈی نے چھاپہ مارکر لیاری گینگ وار تاجو گروپ کے کارندے مصطفی ولد عبدالرحمن کو گرفتار کر لیا۔ اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد تھانے پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے 2 اہلکار اشفاق اور فیصل زخمی ہوئے۔ سہراب گوٹھ میں سپر ہائی وے پر پولیس مقابلے میں شاہ کلام نامی ڈاکو مارا گیا، اسکے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔ ادھر لانڈھی میں لیبر سکوائر کے قریب پولیس مقابلے میں ڈاکو صدیق کمانڈو ہلاک ہو گیا، اسکے قبضے سے اسلحہ اور دو دستی بم برآمد ہوئے۔ علاوہ ازیں رینجرز اور پولیس نے سہراب گوٹھ، بنارس پل اور الآصف سکوائر کے علاقے سیل کر کے سرچ آپریشن کیا اور 150 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔