• news

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی اور گیس کا بحران جاری، عوام کا شدید احتجاج

لاہور +منڈی شاہ جیونہ (کامرس رپورٹر+نامہ نگار)   لاہور سمیت پنجاب بھر میں گذشتہ روز بجلی اور گیس کا بحران جاری رہا جس کے خلاف عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں کے بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم یا صفر رہا جس کے باعث ان علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این ٹی ڈی سی کے اعدادو شمار کے مطابق ملک میں بجلی کی قلت کا حجم  1900  میگاواٹ رہا۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار  9450میگاواٹ کے مقابلے میں اس کی طلب کا حجم 11350میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا۔ بجلی کی قلت پوری کرنے کے لئے شہروں میں 8گھنٹے سے زائد اور دیہاتوں میں 10گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی گئی۔ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 1900 میگاواٹ   تک پہنچ گیا۔ گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے باعث  گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور میں  ان دنوں  بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10  گھنٹے تک جا پہنچا معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں  منڈی شاہ جیونہ اور گرد و نواح علاقہ جات میں فیسکو سب ڈویژن اکڑیانوالہ، فیسکو سب ڈویژن شاہ جیونہ کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ علاقہ کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، جیسے جیسے بچوں کے امتحان نزدیک آتے جا رہے ہیں ان کو تعلیم حاصل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اصلاح احوال کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری طرف گھریلو صارفین بھی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے سخت پریشان ہیں، علاقہ کے سیاسی وسماجی حلقوں نے وزیر پانی و بجلی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ فوری طور پر کم کیا جائے تاکہ علاقہ کی عوام سکھ کا سانس لے سکے۔

ای پیپر-دی نیشن