عالمی برادری بے حسی چھوڑ کر کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے نجات دلائے: منور حسن
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ کشمیر کے ایک کروڑ سے زائد عوام کو بھارتی ظلم و جبر سے نجات دلائے۔ بھارت گزشتہ 66 سال سے کشمیر کے مظلوم عوام کو بندوق کی نوک پر غلام بنائے ہوئے ہے، بھارت کی ساڑھے 7 لاکھ فوج تمام تر ظلم وبربریت اور انسانیت سوز ہتھکنڈوںکے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ایک بیان میں منور حسن نے کہا کہ طاقت اور ظلم و بربریت کے ذریعے کسی قوم کو غلام نہیں بنایا جاسکتا۔کشمیری عوام بھارت کے پنجہ استبداد سے آزاد ہونے کیلئے خون کاآخری قطرہ تک بہادینے کو تیار ہیں۔ ایمینسٹی انٹر نیشنل اور دیگر غیر جانبدار عالمی ادارے اور تنظیمیں کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بار بار عالمی برادری کی توجہ دلاتے رہتے ہیں مگر اقوام متحدہ کشمیری عوام کو بھارت کے چنگل سے نکالنے کیلئے اپنی ہی منظور کردہ قرار دادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہے، پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی پشتیبانی جاری رکھیں گے اور کسی بھی لمحہ انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 5 فروری کو پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر روائتی جوش و جذبے سے منائے گی۔ حکمران بھارت سے پیار کی پینگیں بڑھانے اور بھارت سے دوستی کی بھیک مانگنے کی بجائے کشمیر کی آزادی کیلئے جرأتمندانہ موقف اپنائیں۔ منور حسن نے کہا کہ عالمی برادری بے حسی اور لاتعلقی کا رویہ چھوڑ کر کشمیر کے مظلوم عوام کا ساتھ دے اور اقوام متحدہ اپنے چارٹر پر موجود کشمیر کے تنازعہ کا سب سے پرانا مسئلہ حل کرانے کی طرف توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، بھارتی فوج آئے روز سرحدوں پر بلا اشتعال فائرنگ کرتی رہتی ہے، بھارت کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کے اندر ہماری سالمیت کے خلاف اکثر اپنی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی ہیں، دونوں طرف سے ذرا سی چنگاری کسی بھی وقت خطے میں ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔