تیسری قوت داخلی انتشار کیلئے سازشوں میں مصروف، ملکر ناکام بنانا ہوگا: شاہ محمود
ملتان (سماجی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تیسری قوت ملک میں داخلی انتشار چاہتی ہے۔ وہ نہیں چاہتی طالبان سے مذکرات کامیاب ہوں اور ملک میں امن قائم ہو۔ تیسری قوت ملک میں سازشوں کا جال بچھا رہی ہے ہم نے ملکر انہیں ناکام بنانا ہے۔ وہ گزشتہ روز یونین کونسل نمبر 71 محمدی پورہ میں مسلم لیگ (ن) کے رانا جمیل‘ رانا عمران اور انکے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ختم ہونے سے ملک میں امن قائم ہوگا جس سے ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز زرداری بھائی بھائی ہیں، دونوں نورا کشتی لڑ رہے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے مفادات اور کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں۔ شہبازشریف نے زرداری کو چالیس چوروں کا سرغنہ کہا تھا اب اسی سے ملکر تھر منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے منصوبے میں مقامی لوگوں کو ملازمتیں دی جائیں۔ اگر ملازمتیں نہ دی گئیں تو اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔ تھر کے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام بڑے ترقیاتی منصوبے لاہور اور ملحقہ علاقوں میں شروع کئے ہیں۔ حکمرانوں کو جنوبی پنجاب نظر نہیں آتا۔ کیا اس علاقے کے لوگ معاشی مشکلات‘ بحالی اور بیروزگاری کا شکار نہیں ہیں۔ جنوبی پنجاب کا سارا بجٹ لاہور میں لگا دیا گیا ہے۔ جلسہ سے ڈاکٹر اختر ملک‘ مخدوم زادہ زین حسین قریشی‘ رانا جمیل‘ رانا عمران و دیگر نے خطاب کیا۔