پیپلز پارٹی حلقہ بلوچ کا ضمنی الیکشن بھاری اکثریت سے جیتے گی: فریال تالپور
اسلام آباد (ثناء نیوز) پیپلز پارٹی سیاسی امور کی انچارج و ممبر قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی حلقہ بلوچ کا ضمنی الیکشن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ حلقہ بلوچ کے عوام فہیم ربانی کو کامیاب کرائیں گے۔ پیپلزپارٹی عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور مرحوم سردار اختر ربانی کی بیوہ عارفہ ربانی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اطلاعات کے مطابق فریال تالپور نے سردار اختر حسین ربانی مرحوم کی بیوہ عارفہ ربانی سے اظہار تعزیت کیا۔ عارفہ ربانی نے فریال تالپور کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ربانی مرحوم کے صاحبزادے فہیم ربانی کو ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی کا ٹکٹ عنایت کیا۔ اس سے قبل فریال تالپور نے آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے مظفرآباد میں فون پر بات کی اور ان سے مقبوضہ و آزادکشمیر کی عمومی صورتحال اور حلقہ بلوچ کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ حلقہ بلوچ کی سرکردہ شخصیات جن میں جمعیت علماء اسلام آزادکشمیر اور علامہ طاہرالقادری کی طرف سے منہاج القرآن آزادکشمیر حلقہ بلوچ نے بھی اپنی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ پیپلزپارٹی آزادکشمیر، پی ایس ایف اور پی وائی او کے جیالے، بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ حلقہ بلوچ پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے اور 22 فروری کو فہیم ربانی کامیابی سے سرخرو ہو گا۔