مشرف نے کسی کے بلانے پر نہیں صحتمند ہونے پر ہی عدالت جانا ہے: احمد رضا قصوری
لاہور (آئی این پی) مشرف کے غداری کیس میں وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف شدید بیمار ہیں اور اگر انکی جان کو کچھ ہوا تو مقدمہ عدالت اور مسلم لیگ (ن) کیخلاف ہی درج کرائیں گے۔ پرویز مشرف نے کسی کے بلانے پر نہیں صحتمند ہونے پر ہی عدالت میں جانا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے اور یہ قوم کو پرویز مشرف کے معاملے کی صورت میں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں احمد رضا قصوری نے کہا کہ کسی بھی ملزم کے بیمار ہونے پر عدالت زبردستی اسے عدالت نہیں بلاسکتی بلکہ میڈیکل رپورٹ کو اہمیت دی جاتی ہے اور اگر رپورٹ پر کوئی شک ہو تو میڈیکل بورڈ بنا دیا جاتا ہے اور پھر میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو کسی صورت مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ کوئی جتنی مرضی زبردستی کرلے پرویز مشرف صحت یاب ہونے کے بعد ہی عدالت جا سکتے ہیں۔