دلکش لاہور پراجیکٹ کے تحت لاہور میںڈبل ڈیکر بس چلانے کا فیصلہ
لاہور(خبر نگار)ٹائون ہال میں دلکش لاہور پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔چیئر مین دلکش لاہور پرو جیکٹ جسٹس (ر)خلیل الرحمان رمد ے نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی سی او لاہو ر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، افتخار احمد، یوسف صلاح الدین، جاوید اقبال،اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے نے بتایا کہ دلکش لاہور پراجیکٹ کے تحت شہر میں لوگوں کو تفریح کے مواقع فراہم کر نے کیلئے ڈبل ڈیکر (لاہور سفاری)بس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ شہری اس تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔اجلاس میں مال روڈ کی تمام بلڈنگز کو دیدہ زیب بنانے اور لکشمی چوک کی تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش کی بھی منظوری دی گئی۔ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جا وید قاضی نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ہفتے لیزر لائٹ شو منعقد کروائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 23 مارچ کے موقع پر شہر کے تمام ٹاونز میں" جشن پریڈ "کا انعقاد کیا جائے گا۔