پرویز مشرف نے جو بویا وہ انہیں ہر صورت کاٹنا پڑے گا: کامران مائیکل
لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پرویزمشرف قانون کی گرفت میں ہیں لہٰذا ان کاملک سے بھاگنا آسان نہیں۔ پرویز مشرف نے کئی بار آئین توڑا اور ملک و قوم کو بحرانوں کا تحفہ دیا۔ اس وقت پرویز مشرف کو ڈاکٹر نہیں بلکہ کسی اچھے ایڈوائزرکی ضرورت ہے۔ اب پرویز مشرف کی مرضی کے مطابق سب کچھ نہیں ہوگا، خود کو عدلیہ کے سپرد کردیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہوگا پرویز مشرف عدلیہ کے ساتھ آنکھ مچولی نہ کھیلیں ورنہ انہیں مزید خفت اٹھانا پڑے گی۔ پرویز مشرف نے اپنے ہاتھوں سے جو بویا تھا وہ انہیں ہر صورت کاٹنا پڑے گا۔