آرمی چیف سے ملنے کے بعد شہباز شریف کی وزیراعظم سے ملاقات ‘ مذاکرات کی حکمت عملی طے کی گئی
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے آرمی ہائوس لاہور میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آرمی چیف سے اس ملاقات کے بعد میاں شہباز شریف وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف سے ملاقات کیلئے جاتی عمرہ رائیونڈ گئے جہاں دونوں کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان طالبان سے مذاکرات اور طالبان کی نامزد کردہ 5 رکنی کمیٹی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے انہیں آرمی چیف سے ہونیوالی اپنی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق یہ ملاقاتیں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے بیحد اہم ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد طالبان سے مذاکرات کو ’’ڈی ریل‘‘ ہونے سے روکنا ہے۔ مذاکرات کے مرحلے میں ہر دبائو کے مقابلہ اور کسی ہائی ویلیو ٹارگٹ کو نشانہ نہ بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ یاد رہے اس سے پہلے مذاکرات کے شروع ہونے سے پہلے امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے حکیم اللہ محسود کو ساتھیوں سمیت نشانہ بنا ڈالا تھا۔ جنرل راحیل شریف کی لاہور آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ ملاقات میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیراعظم ڈاکٹر نوازشر یف سے ملاقات میں آرمی چیف سے ہونیوالی ملاقات کے بارے میں بریفنگ دی اور طالبان کی مذاکرات کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر آئندہ کی حکمت تیاری کی گئی۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں طالبان سے مذاکرات‘ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے قیام اور ملک میں سکیورٹی اور امن کی صوتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ حکومت ہر صورت امن کا قیام چاہتی ہے امن سے ملک میں معاشی ترقی‘ خوشحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا‘ حکو مت امن مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے اسے خلوص نیت سے آگے بڑھا رہی ہے۔دریں اثناء وزیراعظم میاں نوازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے رابطہ کیا اور طالبان کی قائم کردہ کمیٹی پر بات چیت کی۔ چودھری نثار علی خان آج وزیراعظم سے ملاقات کرینگے۔