اورکزئی ایجنسی : گھر سے 4 بھائیوں سمیت 6 مزدوروں کی تشدد زدہ نعشیں برآمد‘ بنوں کینٹ پر 3 راکٹ فائر
کوہاٹ + بنوں + مردان (نوائے وقت نیوز+ آن لائن) لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے فیروز خیل میں ایک گھر سے چا ر بھائیوں سمیت 6 مزدوروں کی تشدد زدہ نعشیں برآمد، مقتولین کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح فیروز خیل کے گائوں سند راوی کے ایک گھر سے چھ افراد کی لاشیں ملیں جن کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ان میں دو بھائی فیروز خان، شاہ لوکئی ولد عطاخیل اور دو بھائی حاجی وطن خان ، حاجی مست خان ولد سید افضل اور خان ضمیر، معین خان ساکنان خیبر ایجنسی شامل ہیں تمام افراد کو رات کے وقت گھر کے اندر قتل کیا گیا صبح قریبی گھر والوں نے شک ہونے پرپولیٹیکل انتظامیہ کو بتایا جنہوں نے فورسز کے ہمراہ پہنچ کر لاشوں کو کلایہ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق قتل ہونے والے افراد خیبر ایجنسی سے محنت مزدوری کی غرض سے اورکزئی آئے تھے اور یہاں عبدالولی خان نامی شخص کے گھر میں رہائش پذیر تھے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے جبکہ فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ دریں اثنا بنوں کینٹ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تین بجے کے قریب شدت پسندوں نے نامعلوم سمت سے تین راکٹ فائر کئے تاہم ان راکٹوں کے گرنے کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں حکام نے نہیں بتایا۔ سکیورٹی اداروں نے ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ مردان میں سکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں فیض اور عبداللہ کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹس اور گولہ بارود برآمد کر لیا جو پولیس سٹیشن صدر اور حساس ادارے کی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔