میاں چنوں : مدرسہ کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق ‘56 زخمی
میاں چنوں (نامہ نگار + نیوز ایجنسیاں) میاں چنوں کے نواحی رحمت کالونی میں رسم قل کے دوران مدرسہ کی چھت گر نے سے ایک خاتون سمیت 6 افراد جاںبحق اور بچوں اور عورتوں سمیت 56 افراد شدید زخمی ہو گئے 8 زخمیوں کی حالت نازک ہے، 6 زخمیوں کو شدید تشویش ناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ حادثہ صبح 10بجے کے قریب پیش آیا۔ مدرسہ میں اس وقت مہتمم مولانا رب نواز عابد کی قل خوانی ہو رہی تھی۔ تفصیل کے مطابق میاں چنوں کی رحمت کالونی میں صبح 10بجے کے قریب مولانا رب نواز عابد جو کہ وفات پا گئے تھے کی قل خوانی مدرسہ میں ہو رہی تھی مدرسہ میں 200کے قریب افراد موجود تھے جن میںزیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی تھی جو مدرسہ کی چھت پر قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے مدرسہ کی چھت نیچے بیٹھے ہوئے افراد پر جا گری جس کے نتیجہ میں خاتون سمیت 6 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ20 خواتین اور 12بچوں سمیت 56 افراد زخمی ہو گئے۔ اس موقع پر ڈی پی او خانیوال رانا ایاز سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ کی ہم جو ڈیشل انکوائری بھی کروائیں گے ۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے چھت گرنے کے حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ این این آئی کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 100 ہے۔