• news

بلوچستان، خیبرپی کے اور پنجاب میں اکثر مقامات پر برفباری اور بارش، دو بچے جاں بحق

اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپی کے، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژنز اور کشمیر میں اکثر مقامات جبکہ بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالا کنڈ، ہزارہ، گوادر، قلات، کوئٹہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ چترال میں شدید برفباری کے باعث لواری ٹاپ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث لواری ٹنل اور گردونواح میں سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ اب تک تین فٹ برفباری ہوچکی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تربت کے علاقے میں سری کان می شدید ژالہ باری سے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 34 ملی میٹر، دیر 21،گوادر 16، ٹن 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
 کھانی 11، چترال، دروش8، لوئر دیر4 اور قلات میں 3 ملی میٹر جبکہ کالام میں 8 انچ اور مالم جبہ میں 3 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبرپی کے، بالائی پنجاب (راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، لاہور ڈویژن) اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ مالا کنڈ اور ہزارہ ڈویژن، مری گلگت بلتستان اور کشمیر میں اچھی برف باری کا امکان ہے۔ گلیات اور وادی نیلم میں شدید برف باری کی توقع ہے جبکہ گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں اچھی بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ بارش اور برف باری کے بعد ملک کے اکثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ کی توقع ہے۔
موسم

ای پیپر-دی نیشن