پرویز خٹک کا سمیع الحق کو فون، طالبان کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہیں: وزیراعلیٰ
نوشہرہ کینٹ (آن لائن ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خان خٹک نے جمعیت علماءاسلام س کے مرکزی امیر مولانا سمیع الحق کو ٹیلی فون کر کے تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات اور خیبر پی کے کی سیاسی وامن وامان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مولانا نے تحریک انصاف کو تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے امن مذاکرات کی کمیٹی میں شامل ہونے اور مذاکراتی عمل کا حصہ بننے پر زور دیا۔ پرویز خان خٹک نے مولانا سمیع الحق کو یقین دہانی کرا دی کہ تحریک انصاف ایک دو دن میں اپنی پوزیشن واضح کر دے گی۔ مذاکرات ہی سے خیبر پختون خواہ اور ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ جمعیت علماءاسلام س کے مرکزی امیر مولانا سمیع الحق نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے فضا سازگار بنانے کے لیے سیاسی و دینی جماعتوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ ہم طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اب طالبان کی جانب سے نامزد کردہ پانچ رکنی کمیٹی کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں، امن کی خاطر جو بھی قدم بڑھائے گا، ہم ان کا ساتھ دیں گے، ہماری خواہش ہے کہ ملک میں امن قائم ہو اور امن مذاکرات سے ہی قائم ہو گا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کور کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا، جس میں طالبان کی جانب سے نامزد کردہ کمیٹی سمیت ملک کی صورت حال کے حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے۔
پرویز خٹک