طالبان سے مذاکرات کیلئے حکومت اعتماد کی فضا قائم کرے: اسلم بیگ
اسلام آباد (آئی این پی) سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے طالبان سے مذاکراتی عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے مذاکراتی عمل پر آمادگی کے بعد حکومت اعتماد پر مبنی فضا قائم کرے‘ ماضی میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو امریکہ نے وزیرستان آپریشن کے جال میں پھنسا دیا تھا جس سے ملک میں دہشت گردی بڑھی‘ افغانستان میں طالبان نے ملا عمر کی قیادت میں امریکی افواج کو شکست دے دی ہے جلد حامد کرزئی‘ شمالی اتحاد اور طالبان پر مبنی حکومت افغانستان میں قائم ہوجائے گی‘ پاکستان فوری طور پر خود کو نام نہاد امریکی جنگ سے الگ کرکے افغانستان سے ملحقہ سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری قبائلیوں کو دے۔ ایک انٹرویو میں سابق آرمی چیف نے انکشاف کیا کہ طالبان نے ملا عمر کی قیادت میں اتحادی افواج کو شکست دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آئی ایس آئی اور سی آئی اے کے زیر سایہ طالبان کی سات جماعتوں یا اتحادوں پر مبنی حکومت تھی لیکن اب ماضی کی نسبت افغانستان میں کئی گنا طاقتور اتحاد قائم ہوچکا ہے جبکہ ملا عمر کی زیر قیادت اب طالبان کو افغانستان میں حکومت بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح افغانستان میں حالات نئی ڈگر جا رہے ہیں اسی طرح پاکستان میں بھی طالبان سے مذاکرات کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اب اگر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا گیا تو یہ فوجی کارروائی ملکی استحکام‘ یکجہتی اور سلامتی کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان سے ماضی میں ہونے والے تمام مذاکرات کو امریکہ نے ڈرون حملے کرکے سبوتاژ کیا جس پر تحریک طالبان کو ناقابل اعتبار قرار دینا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے مذاکراتی عمل کو خوش آئند قرار دینا اور پانچ رکنی ٹیم پیش کرنا انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔
اسلم بیگ