ریلوے کا آرمی سمیت سرکاری محکموں کے زیراستعمال زمین لیز پر دینے کا فیصلہ
لاہور (میاں علی افضل سے) پاکستان ریلوے نے آرمی، ائرفورس، رینجرز سمیت سرکاری اداروں و محکموں کے زیراستعمال ریلوے اراضی ان ہی اداروں کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ زمین کی لیز پر منتقلی کےلئے ریلوے افسران اور سرکاری محکموں و اداروں کے سربراہوں میں مختلف معاہدوں کےلئے کوششیں کی جا رہی ہیں کسی سرکاری ادارے اور محکمہ سے زمین واگزار نہیں کرائی جائیگی۔ پاک آرمی سمیت ریلوے زمین استعمال کرنیوالے تمام اداروں اور محکموں سے زمین کی لیز پر منتقلی کی مد میں رقم وصولی کی جائیگی۔ ابتدائی طور پر پاک آرمی، محکمہ خوراک اور پاکستان رینجرز کے درمیان زمین کی لیز کے حوالے سے معاہدے ہو رہے ہیں جبکہ مستقبل میں دیگر سرکاری محکموں سے معاہدے کئے جائیں گے۔ محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے ریلوے کو 85 کروڑ روپے ادائیگی کر دی گئی ہے۔ محکمہ خوراک سندھ 45کروڑ روپے کا نادہندہ ہے جبکہ خیبر پی کے محکمہ خوراک نے ریلوے کے 4کروڑ 45لاکھ روپے ادا کرنے ہیں جس کی ادائیگی کےلئے ریلوے نے دونوں صوبوں کے سربراہوں سے رابطہ کیا ہے اور جلد ادائیگی کےلئے درخواست کی ہے۔ محکمہ ریلوے کی 2 ہزار ایک سو 54 ایکڑ زمین سرکاری اداروں و محکموں کے زیر استعمال ہے جن میں محکمہ خوراک کے پاس 3 ہزار 578 کنال، پاک آرمی کے پاس 10 ہزار 40 کنال، رینجرز کے پاس 3 ہزار 491 کنال، ائرفورس کے پاس 11 کنال، جانباز فورس کے پاس 42 کنال، فرنٹیر کانسٹیبلر ی کے پاس 20 کنال، پاکستان پوسٹ کے پاس 20 کنال زمین موجود ہیں۔ ریلوے کی جانب سے مختلف محکموں کے سربراہوں کو زیر استعمال زمین کی لیز پر منتقلی کے حوالے سے خط لکھے گئے ہیں جن میں فوری طور پر زمین کی منتقلی کی پالیسی سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ زمین کی منتقلی کے حوالے سے شرط رکھی گئی کہ زمین کی منتقلی سے قبل متعلقہ ادارہ اور محکمہ زیر استعمال ریلوے اراضی کی پہلے سابقہ ادائیگی کریگا۔
ریلوے/ زمین