• news

دہشت گردی کا خاتمہ طاقت کے استعمال نہیں، مذاکرات سے ہی ممکن ہے: ڈاکٹر قدیر

لاہور(آئی این پی) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکراتی عمل کے خلاف امریکی اور بھارتی سازشوں کا راستہ روکنا ہو گا‘ دونوں ممالک پاکستان میں امن اور مذاکرات کے کھلے دشمن ہیں‘ ملک کے لئے میری جان بھی حاضر ہے امن مذاکرات کیلئے جہاں تک ممکن ہو سکا کردار ادا کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہوں‘ دہشت گردی کا خاتمہ طاقت کے استعمال سے نہیں مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں امن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اگر ملک سے مذاکرات کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے تو ملک کے 80 فیصد مسائل کا حل بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ امریکہ اوپر اوپر سے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کر رہا ہے حقیقت میں امریکہ اور بھارت دونوں پاکستان کے طالبان سے مذاکرات کے دشمن ہیں اور دونوں کی سازشوں سے بھی ہوشیار رہنا ہو گا۔ جب بھی کبھی پاکستان کو میری ضرورت ہوئی ہے میں نے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اب بھی ملک میں امن‘ دہشت گردی کے خاتمے اور طالبان سے مذاکرات کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہوں۔
ڈاکٹر قدیر

ای پیپر-دی نیشن