• news

سبی اور کوئٹہ میں 2 ٹریفک حادثات، 14افراد ہلاک 17زخمی

بولان (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے دو شہروں میں دو ٹریفک حادثات کے دوران 14فراد جاں بحق، 17شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سبی کے علاقے ڈھاڈر کے قریب کوچ اور ٹرک میں ٹکر سے 10افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں طبی امداد کے لئے منتقل کر دیا گیا ہے۔ مسافر کوچ کوئٹہ سے اندرون سندھ جا رہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر سید فیصل شاہ نے بتایا کہ کوچ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد قریب سے گزرنے والی کار کو لے کر کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دریں اثناءکوئٹہ کے علاقے کچلاک میں بشیر اڈہ کے قریب دو تیز رفتار کاریں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔ حادثے میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے مرنیوالوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا ۔
جہاں زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
شہر سلطان: 9 سالہ بچی کا زبردستی نکاح، والد گرفتار
شہر سلطان (نامہ نگار) 9 سالہ کمسن بچی کے نکاح پر پولیس نے بچی کے والد سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے والد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہر سلطان کے نواحی علاقہ موضع کوٹلہ گانموں کی بستی زیر پر پولیس نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مار کر وٹہ سٹہ کے ذریعے 9 سالہ بچی سمیرا بی بی کی زبردستی شادی کے موقعہ پر بچی اور اس کے والد غلام حیدر کو تھانہ شہر سلطان لے آئے اور 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 5ملزم فرار ہو گئے۔
زبردستی نکاح

ای پیپر-دی نیشن